جنگ کی باتیں خطرناک، بھارت عقل کے ناخن لے،تجزیہ کار
MARCH 02, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے مارننگ پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر بین الاقوامی امور، سینئر تجزیہ کار معیدیوسف نے کہا ہے کہ بھارت کو عقل کے ناخن لینے چاہیں، دونوں ممالک کے پاس جوہری ہتھیار ہیں ایسی صورتحال میں جنگ کی باتیں بہت خطر ناک ہیں۔ماہر تعلیم سید عابدی نے بتا یا کہ علم سمٹ کر موبائل اور کمپیوٹر میں آگیا ہے لیکن ایسا نہیں کہ لائبریری کی اہمیت مکمل ختم ہوجائیگی ۔لائبریری میں ایک ماحول ہوتا ہے وہاں ریسرچ پیپرز، اخبارات اورسیکشن کے حساب سے کتابیں موجود ہوتی ہیں جبکہ انہیں فوری تلاش کرکے ڈاوٴن لوڈ کرنا اتنا آسان نہیں ہوتا البتہ ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال نے عوام کیلئے بہت سی آسانیاں پیدا کردی ہیں پروگرام میں شاہد آفریدی کو ان کی سالگرہ کے موقع پر مبارکبادپیش کی گئی۔ اورکھیل کے میدان میں بھارت کیخلاف ان کی شاندار کارکردگی کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔لوک فنکار عالم لوہار کو یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سینئر صحافی مظہر عباس،سینئر تجزیہ کارحفیظ اللہ نیازی نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ہوگیا اس پرگفتگو کرتے ہوئے سینئرصحافی خالد مصطفی نے بتا یا کہ 48ہزار گھروں کا دوسوفیصد بل بڑھ گیا ہے جس کی وجہ ریلیف کا خاتمہ ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات ریوینیو خسارہ ،روپے کی گرتی قدر اور عالمی منڈیوں میں عدم استحکام ہے ۔ پروگرام جیو نیوزمیں سابق ہاکی اولمپئن اصلاح الدین نے بھی شرکت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہئے لیکن بھارت ماضی میں بھی کھیل کو سیاسی عزائم کیلئے استعمال کرتا رہا ہے ۔بھارت کو کسی بھی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی میزبانی نہیں دینا چاہئے کیوں کہ وہ پاکستان پر اکثر پابندیاں لگانے کیلئے بہانے تراشتاہے ۔پاکستانی کھلاڈیوں کوویزے جاری نہ کرنا غیر اخلاقی اورغیر روائتی عمل ہے ۔بھارت میں عوام کھلاڑیوں کو پسند کرتے ہیں لیکن چند عناصر یقینا شدت پسند ی پریقین رکھتے ہیں ۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے سربراہ اس وقت ایک بھارتی ہیں وہ ہر انٹرنیشنل ایونٹ بھارت میں منعقد کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو کھیل اورکھلاڑی کیلئے درست نہیں ۔پروگرام میں ٹینس اسٹاراعصام الحق کی ویڈیوبھی نشر کی گئی جس میں انہوں نے بھارت کو جنگ کے بجائے امن کا راستہ منتخب کرنے کا پیغام دیا ہے
Comments
Post a Comment